ریاض (این این آئی )متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدہ دار نے کہا ہے کہ کرونا کی وَبا جلد ختم ہونے کی نہیں، ہمیں نیا طرز زندگی اختیار کرنا ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق یو اے ای حکومت کی ترجمان ڈاکٹر آمنہ الشمسی نے بتایا کہ کرونا وائرس کے 449 مزید مریض تن درست ہوگئے ہیں اور ملک میں اب تک 17546 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔کروناو ائرس کے مریضوں کی تعداد میں
کمی اور اس وبا کی رجعت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں یو اے ای کے شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی کا کہنا تھا عمومی طور پر یہ کہنا مشکل ہے کہ کووِڈ19 وائرس نے عالمی سطح پر پسپائی اختیار کرنا شروع کردی ہے کیونکہ اس ضمن میں بہت سے عوامل کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے اور یہ ایک سے دوسرے ملک میں مختلف ہوسکتے ہیں۔ان میں کیے گئے اقدامات ، صحت کی سہولتیں یا صلاحیتیں اور پیشگی حفاظتی تدابیر کی پاسداری شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ دوسرے بہت سے ممالک میں بہتری آرہی ہے۔پھر ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے فراہم کردہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی امریکا ، جنوب مشرقی ایشیا کے بعض ممالک اور مشرقِ اوسط کے خطے میں کروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ڈاکٹر فریدہ الحوسنی کا کہنا تھا کہ ہم ایک نئے مرحلے میں رہ رہے ہیں اور ہمیں کووِڈ19 کا شکار ہونے کے خطرے کے امکانات کو محدود کرنے کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔