بیجنگ( آن لائن )چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لئے بین الاقوامی برادری کے درمیان اتحاد وتعاون سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ چینی حکومت چین ،
امریکہ اور افریقہ کے تھنک ٹینکوں کی حمایت کرتی ہے کہ وہ وبائی امراض سے متعلق تعاون پر سود مند تبادلہ خیال کریں۔صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں ژا لی جیان نے کہا کہ وائرس کسی سرحد اور نسل میں تمیز نہیں کرتا ،یہ انسانیت کا مشترکہ دشمن ہے، اس وبا پر قابو پانے کے لئے اتحاد اور تعاون بین الاقوامی برادری کے پاس سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔انہوں نے کہا کہ افریقہ میں موجودہ وبائی صورتحال سنگین ہے،اس وبا پر قابو پانے کے لئے سہ فریقی تعاون اہم کردار ادا کر سکتا ہے،جس کی چین پوری حمایت کرتاہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چین کے انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن انٹرنیشنل ریلیشنز ، امریکہ کے کارٹر سنٹر ، اور جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی امور کے انسٹیٹیوٹ نے مشترکہ طور پر انسداد وبا کے تعاون سے متعلق ایک ویڈیو سیمینار کا انعقاد کیا تھا تاکہ انسداد وبا کیلئے چین امریکہ افریقہ سہ فریقی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔