اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے شوگر انکوائری کمیٹی کو رپورٹ کی تکمیل کیلئے مزید 4 دن کی مہلت دے دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آٹا چینی سکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی کہ رپورٹ کو مرتب کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہیں ، شوگر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ تیار ہے،شوگر ملزکے فرانزک آڈٹ کی تکمیل کے بعد رپورٹ مرتب کرنے کا کام جاری ہے جس کیلئے 4 دن مزید لگ جائیں گے ، رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے کمیشن کی
درخواست کو منظور کرلیا ہے اور مزید چار دن کا وقت دے دیا ہے اور قوی امکان ہے کہ کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء آٹا چینی سکینڈل کی حتمی رپورٹ چاند رات کو وزیر اعظم کو پیش کر دیں گے ۔واضح رہے کہ شوگر انکوائری کمیشن نے اس سے قبل بھی رپورٹ کی تیاری کیلئے حکومت سے وقت مانگا جسے وفاقی کابینہ نے متفقہ منظوری سے 14 دن وقت دیا ،کمیشن نے 16 مئی کو رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنا تھی تاہم کمیشن کی جانب سے مزید وقت کی استدعا کی گئی ۔