اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)یکم جون سے باقاعدہ آن لائن کلاسزشروع کرنے پر اتفاق، لاک ڈائون ختم نہ ہونے کی صورت میں آن لائن امتحانات لینے کا فیصلہ،نجی ٹی وی کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کے معاملے پر وائس چانسلرز کااجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرطارق بنوری نےکی، اجلاس میں یونیورسٹیز کے امتحانات سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اوپن بک،ایم سی کیوز،اسائنمنٹ کے ذریعے نتائج مرتب کرنے کی تجویز دی گئی اور یکم جون سےباقاعدہ آن لائن کلاسزشروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹیوں کو امتحانات لینے کیلئے پالیسی مرتب کر کے طلباءکے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی اور لاک ڈائون ختم نہ ہونے کی صورت میں آن لائن امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا، امتحانات کے بغیر یونیورسٹیوں کے طلباءکو اگلے سمیسٹر میں پرموٹ نہیں کیا جائے گا۔وائس چانسلرز کی جانب سےانٹرنیٹ ایشو کی شکایات کی گئی اور اس معاملے پر ایچ ای سی سے مددکی درخواست کی ، چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ تمام جامعات کوآن لائن رابطوں کیلئےطریقہ کاروضح کریں گے اور درپیش مسائل کاازالہ کریں گے۔ہائرایجوکیشن کمیشن نے ہدایت کی کہ تمام جامعات آن لائن ایگزامینیشن پالیسی مرتب کریں اور کہا بورڈزاور قانونی باڈیزسےمنظورکروائیں جبکہ تمام جامعات کویکساں ایڈمیشن پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ہائرایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ تمام یونیورسٹیاں ایک ہی وقت میں داخلہ جات کا اعلان کریں۔