اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے گورنرعمران اسماعیل بھی کورونا وائرس سے صحت یاب،نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور میں صحت کیلئے دعا کرنے والوں کا مشکور ہوں۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے اپنا پلازمہ عطیہ کریں گے۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل میں 27 اپریل کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے۔ 8 مئی کو بھی گورنر سندھ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا کو شکست دے دی۔ کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔ بچوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج بدھ کو آئے گی ،سپیکر نے عوام سے دعائوں کی اپیل کردی۔ منگل کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ الحمد اللہ میرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے جبکہ میرے بچوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ آج بدھ کے روز آجائے گی۔ اللہ تعالیٰ میرے دونوں بچوں کو مکمل صحت یاب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خیرخواہوں اور صحت یابی کے لئے دعا کرنے والوں کو شکر گزار ہوں۔