سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں آج ضلع اسلام آباد میں بھارتی پیرا ملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک افسر نے خودکشی کرلی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فتح سنگھ نے منگل کی صبح اپنی سروس رائفل سے
خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز فائرنگ کی آواز سن کر علاقے میں پہنچ گئیں تو خون میں لت پت فتح سنگھ کی لاش پائی گئی۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس نے ایک بیان میں اے ایس آئی کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔سی آر پی ایف کے ترجمان نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ اسے کورونا انفیکشن ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہم ٹیسٹ کی رپورٹ کے منتظر ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہلاک ہونے والے افسر کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جیسلمیر سے تھا۔ اس واقعے سے مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 450 ہوگئی ہے۔