تہران(این این آئی)ایرانی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں کرونا کی وبا کی دوسری لہر جلد آنے والی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے رکن اور قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی چیئرمین محمد جواد جمالی نو بند جانی نے کہا کہ ایران میں ممکنہ طور پر کرونا کی وبا کی دوسری لہر سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کرونا وبا کے حوالے سے
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں غفلت برتنے والے شہریوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اور کہا بعض لوگ وبا کے معاملے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عوام کی طرف سے یہ لاپرواہی ملک میں کرونا کی ایک اور لہر پیدا کرسکتی ہے۔ رکن پارلیمنٹ محمد جواد جمالی نے کہا کہ شیراز اورفارس کے شہروں میں لوگوں کا غیرمعمولی ھجوم بازاروں اور سڑکوں میں کسی قسم کی احتیاطی تدابیر کے بغیر روزانہ دیکھا جا رہا ہے۔ لوگ نہ تو سماجی دوری کا خیال رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کے چہروں پر ماسک ہوتے ہیں۔ عوام کی یہ لاپر واہی دوبارہ کرونا پھیلا سکتی ہے۔