اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چین اور بھارت کے فوجیوں میں سرحد پر پہرا داری کرتے ہوئے جھڑپ، مجموعی طور پر 11فوجی زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی شمال مغربی ریاست سکم کی سرحد پر ہونے والی جھڑپ کی تصدیق بھارتی وزارت دفاع نے کی ہے۔بھارتی وزارت دفاع کے مطابق دونوں ممالک کے فوجیوں کے جارحانہ رویے کی وجہ سے اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ تاہم مقامی سطح پر حکام کے مذاکرات اور گفت و شنید سے معاملہ حل کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جھڑپ میں چار بھارتی فوجی
جب کہ سات چینی اہلکار زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے میں مجموعی طور پر 150 فوجی آمنے سامنے تھے۔ دونوں جانب کے اہلکار دھکم پیل اور ہاتھاپائی میں زخمی ہوئے۔بھارت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعہ سکم کے سرحدی علاقے ناکولا میں پیش آیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس جھڑپ کا آغاز کیسے ہوا؟وزارت دفاع کی جانب سے یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ اہلکاروں کے زخموں کی نوعیت کیا ہے یا وہ کیسے زخمی ہوئے۔چین کی وزارت دفاع کی جانب سے واقعے پر فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے۔