سرینگر(ساوتھ ایشین وائر)مقبوضہ جموں و کشمیر پولیس کے کشمیر رینج کے آئی جی وجے کمار نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ سکیورٹی ایجنسیاں گزشتہ چھ ماہ سے حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نائکو کی حرکات پر گہری نظر رکھے ہوئیں تھیں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہا کہ معاونین کے انٹیروگیشن سے پختہ معلومات حاصل ہونے کے بعد بالآخر 6 مئی کو ریاض نائکو کو ڈھوندا گیا۔انہوں نے بیگ پورہ علاقہ میں سرنگوں کی موجودگی پر کہا کہ ہمیں وہاں کوئی سرنگیں نہیں ملی ہیں لیکن وہاں نائکو کے کم از کم 8 ہائڈ آوٹ
تھے جن کو تباہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ‘رواں برس کے جنوری سے اب تک 27 آپریشنز کیے گیے جن میں 64 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ جبکہ 25 گرفتار کیا گیا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق عسکریت پسندوں کی نعشوں کو گھر والوں کے حوالے نہ کرنے پر انہوں نے کہا ‘جب تک کورونا وائرس کا خطرہ موجود رہے گا تب تک احتیاط کے طور پر عسکریت پسندوں کی نعشوں کو گھر والوں کے سپرد نہیں کیا جائے گا۔’انہوں نے کہا کہ رواں برس تین تنظیموں کے اعلیٰ کمانڈروں کو ختم کیا گیا جن میں قاری یاسر، برہان کوکا، اور ریاض نائیکو شامل ہیں۔