اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمگیر وبا کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ نے لوگوں کو تشویش اور خوف میں مبتلا کردیا ہے کیونکہ یہ وائرس چھونے سے باآسانی پھیل سکتا ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق محققین کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق بے شمار تحقیقات کی جا چکی ہیں جس میں انہوں نے بتایا کہ
وائرس کس کس چیز سے لگ سکتا ہے۔دوسری جانب محققین نے یہ بھی بتایا کہ وائرس کون سی سطح پر کتنی دیر رہ سکتا ہے تاہم اس پر مزید تحقیق بھی کی جارہی ہے۔اب حال ہی میں ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس فرش سمیت کسی بھی چیز پر کئی روز تک زندہ رہ سکتا ہے۔اس ضمن میں ماہرین کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کہ فرش سمیت کسی بھی چیزکی سطح کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے بلیچ اور پانی کو ملا کر استعمال کیا جاسکتاہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ بلیچ اور پانی کو ملا کر اسے کم سے کم 10 منٹ سطح پر رہنے دیا جائے۔ماہرین کہتے ہیں کہ ایک گلاس پانی میں 4 چائے کے چمچ بلیچ یا ایک گیلن پانی میں ڈیڑھ کپ بلیچ ملاکرگھر میں ایک موثر جراثیم کش محلول تیار کیا جاسکتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ یہی فارمولہ طبی طور پر بھی جراثیم مارنے کے لیے استعمال کیاجاتاہے۔