لندن (این این آئی )برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور اسپین میں کورونا سے یومیہ ہلاکتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔ برطانیہ میں مزید 413 افراد کورونا سے ہلاک ہو گئے جبکہ اسپین میں 288 اور اٹلی میں مزید 260 افراد ہلاک ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں 242 افراد ہلاک ہوئے جو ایک روز پہلے کے مقابلے میں ایک تہائی کم تھے۔ فرانس میں کورونا وائرس سے
اب تک 22 ہزار 856 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 732 تک جا پہنچی ہے۔اٹلی میں 260 افراد ہلاک ہوئے اور یہ تعداد پچھلے ایک ماہ میں سب سے کم ہے، اٹلی میں26 ہزار 856 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ تعداد امریکا کے بعد سب سے زیادہ ہے، اٹلی اپنی چھ فی صد آبادی کا کورونا ٹیسٹ کر چکا ہے۔روس میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی لیکن روس میں شرح اموات بڑی حد تک قابو میں ہے۔ روس اپنے 28 لاکھ 77ہزار شہریوں کا ٹیسٹ کر چکا ہے۔ سعودی عرب میں ساڑھے 17ہزار اور متحدہ عرب امارات میں سوا دس ہزار کورونا مریض سامنے آ چکے ہیں۔بھارت میں 27 ہزار مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ 826 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ قطر میں سوا دس ہزار اور بنگلادیش میں پانچ ہزار چار سو سے زائد کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ۔چین میں صرف 801 کورونا مریض باقی ہیں جبکہ 77 ہزار سے زائد مریضوں کو صحت یابی کے بعد گھر بھیجا جا چکا ہے۔دیگر ممالک میں اموات میں کمی کی وجہ سے یہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ ہفتوں کے دوران اس وباء سے مکمل چھٹکارا پا لیا جائے گا ۔