کرائسٹ چرچ (این این آئی)نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تمام مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور اس وقت ملک سے وائرس ختم ہوگیا ہے ، لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں کئی دنوں سے کورونا وائرس کے کیسز کم رپورٹ ہورہے تھے
اور گزشتہ روز کو صرف ایک کیس سامنے آیا تھا۔وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کو اس وقت ختم کردیا گیا ہے۔دوسری جانب حکام نے خبر دار کردیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔جسینڈا آرڈن نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم معیشت کو کھول رہے ہیں لیکن سماجی تقریبات کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مقامی سطح پر منتقلی کا کوئی کیس نہیں ہے اور ہم جنگ جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اس سے دور رہنا ہے تو ملک کو متحرک رہنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں لاک ڈاؤن فوری نہیں لگایا گیا ہوتا تو ملک میں یومیہ ایک ہزار کیسز سامنے آتے۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ کب بحران آئیگا لیکن حفاظتی تدابیر کی مدد سے ہم بحران سے بچ گئے ہیں۔