کویت سٹی(این این آئی)کویت کی وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے 183 نئے کیسوں اور ایک موت کی تصدیق کی ہے۔اس ننھی خلیجی ریاست میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 3057 ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کویت میں کرونا سے ایک ایرانی کی ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ متوفیٰ کی عمر 57 سال تھی۔
کویت میں اب تک 20 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کویت کے وزیرصحت ڈاکٹر باصل الصباح نے بتایا کہ کرونا وائرس کا شکارمزید 250 افراد صحت یاب ہوگئے اور اب ملک میں تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 806 ہوگئی ہے۔انھوں نے کہا کہ سماجی فاصلے اور لوگوں کے گھروں ہی میں رہنے کے احکامات کے پر عمل درآمد کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ان پابندیوں کی وجہ سے کویت میں کرونا وائرس سے زیادہ لوگ متاثر نہیں ہوئے ہیں۔اگر لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے تو مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ ضرور ہورہا ہے لیکن یہ توقع کے مطابق ہی ہے۔