دبئی (این این آئی)دبئی میں حکام نے تجارتی سرگرمیوں کے ایک نئے مجموعے کو بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ سرگرمیاں صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہ سکیں گی۔ تاہم اس کے لیے کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی تدابیر کی پابندی کی شرط رکھی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام نے باور کرایا کہ دبئی میں مختلف نوعیت کے غذائی مواد فروخت کرنے سے متعلق سرگرمیوں کو
بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازم ہو گا۔ ان میں جراثیم کش مواد کے ذریعے صفائی اور جسمانی فاصلے کے علاوہ نقل و حرکت کے پرمٹ کا حصول شامل ہے۔دبئی میں جن سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت دی گئی ہے ان میں گوشت، سبزیوں، پھلوں، میوہ جات، پسے ہوئے مصالحہ جات، مٹھائی اور چاکلیٹ، مچھلی، چائے اور کافی کی تجارت شامل ہے۔ حکام کے مطابق اس نوٹیفکیشن پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور تجارتی مقامات پر معائنوں اور جانچ پڑتال کی کارروائیاں عمل میں آئیں گی۔