لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال میں فعال ہونے والے ٹیلی میڈیسن کے شعبے نے خوب پذیرائی حاصل کی ہے جو کورونا وائرس کے حوالے سے شہریوں کی رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے عوام کی سہولت اور مریضوں کو بر وقت طبی مشورے فراہم کرنے کے لئے جنرل ہسپتال کورونا ہیلپ لائن پر ٹیلی فون لائنز کی تعداد کو بڑھا کر دوگنا کر دیا
اور اس سلسلے میں اب 4ٹیلی فون نمبرز 042-99268808,042-99268809,042-99268819,04299268837 جاری کر دیے گئے ہیں جہاں پر شہریوں کی رہنمائی کیلئے عملہ24گھنٹے موجود ہوگااور وہ انہیں اُن کے سوالوں کے جواب طبی مشورے کے ساتھ دے گا جس سے ان لوگوں کو ہسپتال آنے کی زحمت سے بچایا جا سکے گا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتا یا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو کورونا وائر س سے محفوظ بنانا ہے اور وہ اپنے گھروں میں ہی قیام کر کے ٹیلی فون اور سکائپ آئی ڈیز پر رابطہ کر کے ڈاکٹرز کو اپنی علامات بتا کر علاج معالجہ کے حوالے سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ فعال ہونے والی ہیلپ لائن پر 24گھنٹے ڈاکٹرزاور طبی عملہ دستیاب ہوگا جوکورونا وائر س میں مبتلا مریضوں او ر دیگر شہریوں کی بہتر انداز میں کونسلنگ کرے گا ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو اُسی وقت ہی کم کیا جا سکتا ہے جب لوگ پنجاب حکومت کی گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں تمام دستیاب وسائل مریضوں کی فلاح و بہبود پر صرف کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گااور لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن پر اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔