اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے درمیان کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون کو برقرار رکھنے کیلئے ناکہ بندی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ بدھ کو جڑواں شہروں کے درمیان آمدورفت کی چیکنگ کے لئے پاک فوج کے جوانوں نے اسلام آباد پولیس، اسلام آباد ٹریفک پولیس اور رینجرز کے ہمراہ فرائض سنبھال لئے۔ دونوں شہروں
کے داخلی راستوں پر چیکنگ کے دوران غیر ضروری آمدورفت کی حوصلہ شکنی کے لئے بلا جواز سفر کرنے والے شہریوں کو روکا گیا اور انہیں واپس بھجوا دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ لاک ڈائون کو برقرار رکھنے کے لئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواروں کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے بھی روکا گیا اور انہیں واپس بھیج دیا گیا۔