اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ دوا استعمال کر کے ایک شخص نے صحت یابی کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایک اور مریض اسی دوا کے استعمال سے انتقال کر گیا اور اس کی بیوی کی حالت تشویش ناک ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق فلوریڈا کے ایک 52 سالہ شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ صدرٹرمپ کی تجویز کردہ انسدادِ ملیریا کی دوا کے استعمال سے اس کی زندگی بچ گئی۔مریض نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ
میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد 5 دن کمر درد، سر درد، کھانسی اور تھکاوٹ کا شکار رہا، اس وقت مجھے مشکل لگ رہا تھا کہ میں زندہ رہ پاؤں گا، کیونکہ ڈاکٹروں نے مجھے جواب دے دیا تھا۔مریض کا کہنا تھا کہ اس موقع پر میرے ایک دوست نے ملیریا کی اس دوا کے بارے میں بتایا اور مجھے کلوروکوئن دوا کے استعمال سے کورونا سے نجات ملی۔دوسری جانب اس دوا کے استعمال کے مضر اثرات بھی سامنے آ گئے ہیں، ایریزونا کے ایک شہری نے کورونا سے نمٹنے کے لیے خود ساختہ علاج کیا اور کلوروکوئن دوا استعمال کرنے سے ہلاک ہو گیا، جبکہ یہی دوا استعمال کرنے والی اس کی بیوی کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق میاں بیوی نے کورونا سے بچنے کے لیے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا کا استعمال کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہی کہا تھا کہ وہ اس دوا کو ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ادھر hydrochloroquine کے ماخذ chloroquine کے بارے میں نائیجیریا کے حکام نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجیریا میں 3 افراد میں اس دوا کے استعمال سے زہر پھیل گیا ہے۔