لاہور(این این آئی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے علاقے میں گرینڈ آپریشن کیا۔ حاجی پارک شالیمار ٹاؤن میں واقع گرائنڈنگ یونٹ کو سیل کرتے ہوئے 6 ہزار کلو ملاوٹ زدہ، مضر صحت فنگس لگے مرچ مصالحے اور معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ برآمد کرلی۔
کارروائی کے دوران مضر صحت فنگس لگی ثابت مرچ میں کیمیکل، رنگ اور برادہ شامل کر کے تیارسرخ مرچ پاؤڈرپایا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سابقہ دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی، ورکرز کے میڈ یکل اور ریکارڈ کی عدم دستیابی پریونٹ کو سیل کیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کرتے ہوئے نامناسب سٹوریج اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے۔مزید برآں مصالحہ جات کوکھلا بغیر ڈھانپے ہی زمین پر رکھا گیا تھا۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ مضر صحت ناقص سرخ مرچ پاؤڈر کو دلکش پیکنگ لگا کر سپلائی کیا جاتا تھا۔کھانوں میں ملاوٹی مصالحہ جات کا استعمال پیٹ،معدے اور انتڑیوں کی موذی بیماریوں کا باعث بنتاہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی مصالحہ جات کی تیاری سے ترسیل تک کے ہر مرحلے کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ بازار کی تیاراشیاء خورونوش کی نسبت گھر پربنی خوراک کو ترجیح دیں۔