اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی خوشخبری سنا دی گئی، وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے بل لانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے سے ہونے والے اس اہم اجلاس میں وزیراعظم نے سب اراکین اسمبلی سے آرا لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا وہاں کے عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی، دوسری سیاسی جماعتیں بھی سمجھتی ہیں کہ جنوبی پنجاب محرومیوں کا علاقہ ہے، محرومیوں کو ختم ہوجانا چاہیے، آبادی کے تناسب کو مدِ نظر رکھتے ہوئے 35 فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیے جائیں گے جسے واپس نہیں لیا جائے گا، بل کیلئے آئینی ترمیم درکار ہے اور اس کیلئے سیاسی مفاہمت میں وقت لگے گا، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا دارالحکومت کہاں بنے گا اس کا فیصلہ عوام اور منتخب نمائندوں کی رائے سے اسمبلی کرے گی، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مکمل سیکرٹریٹ کے لئے ساڑھے تین ارب روپے درکار ہوں گے، اس سے تیرہ سو ملازمتیں پیدا ہوں گی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات ہوں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کا دفتر بہاولپور میں ہوگا، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا دفتر ملتان میں ہوگا۔