نیویارک(این این آئی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد دنیا بھر کے ممالک کی حکومتوں سے اس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی اپیل کی ہے۔امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے نئے کیس میں ڈرامائی اضافے کے بعد تمام ممالک سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو
روکنے پر زور دیا ۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گھیبریستس نے جنیوا میں کہا کہ ہمیں تشویش ہے کہ کچھ ممالک میں سیاسی عزم اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی سطح ہمیں درپیش خطرے سے مطابقت نہیں رکھتی۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگی مشق نہیں ہے، یہ ہار ماننے کا وقت نہیں ہے، یہ بہانوں کا وقت نہیں ہے ، یہ اسے روکنے کے لیے سب کچھ کر گزرنے کا وقت ہے۔ٹیڈروس ایڈہانوم گھیبریستس نے کہا کہ ممالک، دہائیوں سے ایسے منظرناموں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اب ان منصوبوں پر عمل کرنے کا وقت ہے۔جہاں آہستہ آہستہ چینی مینوفیکچررز نے فیکٹریاں کھولیں وہیں دنیا کے دیگر ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی رکاوٹوں میں اضافہ ہوا۔