نیویارک(این این آئی)انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے کہا ہے کہ چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے باعث فضائی کمپنیوں کو 63 ارب سے 113 ارب ڈالر تک نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کرونا وائرس (کوویڈ 19) نے بین الاقوامی ہوابازی پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ۔
دنیا بھر میں پھیلنے والے اس وائرس سے فضائی آمد ورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ایاٹا کے مطابق فروری 2020ء کے دوران کرونا وائرس کے باعث فضائی کمپنیوں کو 29 ارب 30 کروڑ ڈالر کا مجموعی نقصان پہنچا۔ تاہم دنیا کے 80 سے زیادہ ممالک میں کرونا پھیلنے کے بعد عالمی فضائی سروس مزید متاثر ہو سکتی ہے۔