بیجنگ (این این آئی)چین میں کورونا وائرس سے مزید 118 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 236 ہو گئی۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 889 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار 465 ہو گئی ہے۔چین سے باہر کورونا وائرس سے اب تک 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا ہے۔چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔جنوبی کوریا میں بھی 156 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں جب کہ جاپان سے آسٹریلیا پہنچنے والے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، یہ دونوں افراد جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں سوار تھے۔ایران میں کورونا وائرس کے مزید تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسری جانب یوکرین میں بھی ووہان سے آنے والوں کو قرنطینہ لے جانی والی بس پر لوگوں نے پتھراؤ کر دیا، روڈ بلاک کئے اور ٹائر جلائے۔پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔