بیجنگ (این این آئی)چین میں کورونا وائرس بحران کے نتیجے میں انسان تو گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے لیکن تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے والی گاڑیوں کو ہیروز کا درجہ مل چکا ہے۔ان گاڑیوں کی مدد سے چین کے صوبہ ہوبائی کے شہر ووہان میں دو نئے ہسپتال ریکارڈ مدت میں تعمیر کیے گئے تھے۔ملک کے سبھی حصوں میں چونکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی
ہدایت کی گئی تھی اور تاکید کی گئی تھی کہ صرف اشد ضرورت کے تحت ہی باہر نکلا جائے۔ظاہر ہے کہ ان حالات میں یقیناً چینی عوام تفریحی مواقعوں کے حصول کے لیے سخت مشکل کر شکار ہوں گے۔ تو ایسے میں انھوں نے اپنی توجہ دونوں ہسپتالوں کی تعمیر کی براہ ِ راست نشریات کی جانب مبذول کر لی۔نہ صرف یہ بلکہ انھوں نے تعمیراتی مشینوں کو کرداروں کے نام بھی دے دیئے۔ووہان میں ہوشینشان ہسپتال کی تعمیر دو فروری جبکہ لیشینشان ہسپتال کی تعمیر پانچ فروری کو مکمل ہوئی تھی۔چین کے سرکاری چینل سی سی ٹی وی نے لوگوں کو ہسپتالوں کی تعمیر براہ راست دکھانے کی ٹھانی جس کا انھیں غیر معمولی ردِعمل ملا۔اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق اس لائیو سٹریم کو چار کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا ہے۔ان ویڈیوز کی مقبولیت بیرونِ ملک بھی بہت زیادہ دیکھنے میں آئی ہے۔ یوٹیوب اور پیریسکوپ جیسے براہ راست نشریات دکھانے والی ویب سائٹس کے ذریعے بیرونِ ملک صارفین کو یہ مناظر دکھانے کا انتظام بھی کیا گیا جن سے مستقل بنیادوں پر ویڈیو پر ہزاروں ویوز آ رہے ہیں۔ان ویڈیوز کی مقبولیت کے باعث ہوشینشان ہسپتال کی تعمیر پر کام کرنے والی مشینوں کو غیر معمولی شہرت حاصل ہو گئی ہے۔سیمنٹ مکسرز کو’ ’دی سیمنٹ کنگ’‘،عظیم الشان سفید خرگوش اورسفید رولر جیسے القابات سے نوازا جا رہا ہے۔ایک بڑا ٹرک جو تعمیراتی سامان کو اٹھائے پھرتا ہے اسے پیار سے’ ’بردر ریڈ بل‘‘ کا خطاب دیا گیا ہے جبکہ کھودنے والی مشینوں کو پیار سے’’لٹل ییلو‘‘ اور’’لٹل بلو‘‘ جیسے القابات دیئے گئے ہیں۔کچھ دیگر افراد نے ان گاڑیوں کے لیے نت نئے نام تجویز کیے ہیں جس میں سے ایک مکسر کا نام ایک قدیم حاکم سانگ ہوئیزانگ کے نام پر رکھا گیا۔