بینکاک (این این آئی)تھائی لینڈ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک چینی خاتون کا علاج نزلہ اور ایچ آئی وی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے اینٹی وائرل کاک ٹیل کے ذریعے کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈرامائی انداز میں بہتری آئی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کی وزارت صحت کی پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر کریئنگسک ایٹیپورنوانچ کا کہنا تھا کہ 71 سالہ خاتون میں وائرس مثبت آنے کے بعد ہمارے ڈاکٹرز نے ان کا علاج کیا اور 48 گھنٹے بعد نتیجہ منفی آیا۔ان کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس 48 گھنٹے بعد منفی آیا، پہلے وہ شدید پریشان تھیں لیکن 12 گھنٹے بعد وہ بستر پر بیٹھ گئیں۔ڈاکٹر کریئنگسک نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انسداد فلو ادویات کو ایچ آئی وی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ڈرگس لوپنویر اور ریٹوناویر، اینڈی وائرل کو ملاکر نئے دوا بنائی تاہم وزارت صحت کو اس سے ثابت کرنے کے لیے تحقیقی نتائج کا انتظار ہے۔تھائی لینڈ کے وزیرصحت کی جانب سے جاری ایک ویڈیو کے مطابق انہوں نے ووہان سے آنے والی مریضہ کی عیادت کی جو کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکی ہیں اور ملاقات کے دوران خاتون نے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے پیغام میں چین سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل ووہان میں ہیں۔