نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت نے جنگی آپریشنل تیاریوں میں مزید تیزی پیدا کر دی ہے، بھارت نے پاکستان اور چین کی بحری مشقوں سے خوفزدہ ہو کر بحیرہ عرب میں طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس جسے وکرمادتیا کے نام سے پکارا جاتا ہے تعینات کر دیا ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے فروری اور بالاکوٹ کے جواب کے بعد بھارت نے اپنی جنگی تیاریاں مزید تیز کر دی ہے،
اس بات کی تصدیق بھارتی فوجی حکام بھی کر چکے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بحیرہ عرب کی مغربی سمندری حدود میں بھارت نے آئی این ایس تعینات کیا ہے جب بحیرہ عرب کے شمالی حصے میں پاکستان اور چین کی نیول افواج مشترکہ جنگی مشقوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ بردار بحری بیڑے کو تعینات کرنے کا مقصد پاکستان اور چین کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے اور وہ بھی سمندر میں جنگ لڑنے کی صلاحیت کے ساتھ کسی بھی آپریشن کے لئے تیار ہے۔ بھارتی نیوی کے ڈپٹی چیف نائب ایڈمرل ایم ایس پاوار آئی این ایس پر کھڑے ہو کر یہاں سے فضائی اور سمندری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈمرل پاوار نے کہا کہ آئی این ایس وکرمادتیا اس نام کے ساتھ ہمیشہ سلامت رہے گا اور ہمیشہ جنگ میں فتح یاب رہے گا۔ بھارتی بحریہ پاکستان اور چین کی نو روزہ جنگی مشقوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جو دونوں ممالک نے سمندری دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے شروع کر رکھی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی حکومت بحر ہند میں بیجنگ کے بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک اقدامات سے انتہائی تشویش میں مبتلا ہے۔ آئی این ایس بھارت کا سب سے بڑا اور طاقتور بحری جہاز تصور کیا جاتا ہے۔