بیجنگ(نیوز ڈیسک) پروفیشنل اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستان نے ابتدائی شکست کے بعد دوسرا میچ جیت لیا، محمد سجاد اور حمزہ اکبر پر مشتمل اسکواڈ نے آسٹریلیاکو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے مات دی، قبل ازیں قومی ٹیم ابتدائی میچ میں ویلز کے ہاتھوں 0-5 سے ناکام رہی تھی،بدھ کو پولینڈ سے مقابلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق چین میں جاری پروفیشنل اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف میچ سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے جیت لیا، یادرہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی راﺅنڈ سنگلز، ریورس سنگلز اور ڈبلز کے 5 فریم پر مشتمل ہے، پہلے اور دوسرے فریم میں سنگلز مقابلے ہوتے ہیں، بعدازاں تیسرا فریم ڈبلز پر مشتمل ہے، بعدازاں2 ریورس سنگلز کھیلے جاتے ہیں۔ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی محمد سجاد اور حمزہ اکبر کررہے ہیں، منگل کو کھیلے گئے میچ کے پہلے فریم میں پاکستان کو 23-66 سے شکست ہوئی، دوسرے میں سخت مقابلے کے بعد 70-52 سے فتح ملی، تیسرے میں آسٹریلیا نے ایک بار پھر 68-21 سے کامیابی کے ساتھ 2-1 کی برتری حاصل کرلی، ڈبلز میں پاکستانی حمزہ اکبر اور محمد سجاد یکطرفہ طور پر 85-1 سے سرخرو رہے۔ آخری فریم میں ایک بار پھر پاکستان 80-46 سے کامیاب رہا اورمقابلے میں کامیابی حاصل کرلی، قبل ازیں ابتدائی میچ میں پاکستان کو ویلز کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا،ٹیم بدھ کو پولینڈ کے خلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔ اپنے گروپ میں پاکستان کو قطر اور نارتھ آئرلینڈ سے مقابلہ بھی کرنا ہے، ہر گروپ کی ٹاپ 2ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔