اسلام آباد (این این آئی) ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہاہے کہ منی بجٹ عوام پر معاشی حملہ ہے، پی پی پی بھرپور مخالفت کرے گی۔ ایک بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تحریک ناانصاف حکومت عوام کی ٹوٹی کمر پر مزید ڈیڑھ سو ارب کا بوجھ لاد رہی ہے، رواں سال پہلے ہی عوام کے خون پسینے سے سات سو پینتیس ارب اضافی ٹیکسوں کے ذریعے نچوڑا گیا، اب پھر بجلی، گیس اور سیلز ٹیکس بڑھا کر عوام پر مزید ڈیڑھ سو ارب
کا ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ حکومت غریبوں پر ایک طرف سے نہیں چاروں طرف سے حملے کر رہی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آٹھ لاکھ مستحق افراد کو نکالنا غریب دشمنی کی بدترین مثال ہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہاکہ قرضہ نہ لینے کا دعویٰ کرنے والوں نے ڈالروں کے عیوض ملکی خودمختاری گروی رکھ دی، عمران خان نے کرسی کی خاطر معاشی اور خارجہ پالیسی تک غیروں کے حوالے کر دی ہے۔