سوات(آن لائن) سوات کی مارکیٹوں میں غیر معیاری اور کم وزن گھی اور کوکنک آئل کی بھاری کھیپ فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے،گھی کے ڈبوں کا وزن بھی کم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،ملاکنڈ ڈویژن میں گھی ملوں نے ٹیکس چوٹ کے باوجود وزن کم اور قیمتیں دیگر علاقوں کی برابر کردی ہیں،
انتظامیہ نے معنی خیز خاموشی اختیار کرلی ہے،سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں گھی کے نام پر بیماریاں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے غیر معیاری اور کم وزن گھی کی بھاری کھیپ مارکیٹ میں سپلائی کی جارہی ہے اور لوگوں سے پوری قیمت وصول کی جارہی ہے،ذرائع کے مطابق لوکل کمپنیوں کی جانب سے ٹین کا وزن پہلے 16کلو500گرام تھا جسے کم کرکے 15کلو700گرام کردیا گیا ہے اور اب مزید کمی کا بھی انکشاف ہوا ہے اور اب یہ وزن مزید کم کرکے 14کلو 500گرام کرکے لوگو ں سے وہیں ساڑھے 16کلوگرام کی قیمت وصول کی جارہی ہے اسی طرح لوکل کمپنیوں کے ڈبوں کا وزن بھی کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے،ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس چوٹ کے باوجود بھی ملز مالکان کی جانب سے غیر معیاری اور کم وزن کے باوجود دیگر علاقوں کی برابر قیمتیں وصول کی جارہی ہیں،علاوہ ازیں کوکنگ آئل بھی غیر معیاری فروخت کیا جانے لگا ہے جس پر شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی معنی خیز خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔