اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی بدعنوانی کے خلاف جنگ میں پارلیمنٹس کے مابین تعاون کو مستحکم کرنے کی قرارداد اقوام متحدہ کانفرنس میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں منعقدہ بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن میں پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا اقدام وزیر اعظم عمران خان کے کرپشن کے
خاتمے کے وژن کے مطابق ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرنا پاکستان کی بدعنوانی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔دفتر خارجہ نے کہاکہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پارلیمنٹری یونین کے ساتھ مل کر موضوعاتی مکالمے کا اہتمام کرے۔دفتر خارجہ کے مطابق یو این او ڈی سی بدعنوانی کے خلاف جنگ میں پارلیمنٹس کے کردار پر ایک مجموعہ بھی تیار کرے گی۔دفتر خارجہ نے کہاکہ ویانا میں وزارت خارجہ اور پاکستان مشن نے قرارداد پر اتفاق رائے حاصل کرنے کے لئے مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا۔دفتر خارجہ کے مطابق تمام ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک نے اس قرارداد کی بحالی کے لئے تعاون کیا ممالک میں آذربائیجان ، برازیل ، کینیڈا ، چین ، انڈونیشیا ، مراکش ، نائیجیریا ، پیرو ، فلپائن ، روس ، سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے اس اقدام سے بین الاقوامی برادری کی توجہ اس اہم کردار پر مرکوز ہوئی ہے،دفتر خارجہ نے کہاکہ پارلیمنٹ بدعنوانی کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ، بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کا کنونشن بین الاقوامی سطح پر واحد عالمی قانونی فریم ورک ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق کنونشن میں 186 ریاستوں کی جماعتیں ہیں ، جن میں پاکستان بھی شامل ہے ۔