کراچی (این این آئی)بلدیہ میں دوستوں کے مبینہ مذاق کے دوران ایک شخص جان سے گیا، واقعے کے بعد دوست لاش اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود بلدیہ ٹاون میں ٹائر پنکچر کی دکان میں دوستوں کا سنگین مذاق جان لیوا ثابت ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ دوستوں نے مذاق کے دوران پریشر پائپ سے47سالہ نور شیر ولد اعظم خان نامی شخص کے پیٹ میں ہوا بھر دی آنتیں پھٹنے سے وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول نور شیر خان کی لاش کو دوست عباسی شہید اسپتال لے کر آئے جہاں انہوں نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ شیر خان کی موت پیٹ میں ہوا بھرنے سے ہوئی ہے، جس کے بعد دونوں افراد فرار ہوگئے اور اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔پولیس کا کہنا ہے کہ نور شیر خان کے پیٹ میں ہوا بھرنے والے ثنااللہ، اور اسد مفرور ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے اور واقعے کے حوالے سے مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔