اسلام آباد( آن لائن ) امریکی سفارتخانے کا ویزہ کے لئے درخواست گزاروں کو مزید سہولت دینے کا اعلان ، درخواست گزار ویزا یا پاسپورٹ اپنے گھر کے پتہ پر وصول کر سکیں گے ۔ سروس کے حصول کے لئے درخواست دیتے وقت پریمئیم ڈیلیوری کے آپشن کا انتخاب کر کے 700روپے کیش آن ڈیلیوری کے ذریعے پاسپورٹ وصول کیا جا سکے گا ۔ بدھ کے روز ٹویٹر جاری پیغام میں امریکی سفارتخانے نے پاکستان کے امریکی ویزا کے حصول کے درخواست گزاروں کو نئی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے
جس کے ذریعے اب درخواست گزار اپنا پاسپورٹ گھر کے ایڈریس پر ہی وصول کر لیا کریں گے ۔ نئی سروس کے ذریعے گھر پر پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے درخواست دائر کرتے وقت پریمئیم ڈیلیوری کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا جبکہ 700روپے کی فیس کیش آن ڈیلیوری کی صورت میں ادا کرنا ہو گی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سفارتخانہ نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے پاسپورٹ وصولی وواپسی کرتا تھا جس سے صارفین کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ نئی سروس کے آغاز پر صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔