کراچی(سی پی پی) پی آئی اے میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ کفایت شعاری مہم کے ثمرات نمایاں ہونے لگے، رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں قومی ائیرلائن کے خسارے میں بڑی کمی آئی، پی آئی اے کو رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ریونیو کی مد میں 44فیصد اضافہ ہوا جبکہ 75 فیصد آپریشنل نقصان میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔پی آئی کے اعداد شمار کے مطابق یکم جنوری 2019 سے جون 2019 تک کی پی آئی اے کی کارکردگی میں شاندار
اضافہ رہا اور پی آئی اے کو 6 ماہ میں آپریٹنگ خسارے کی مد میں 48.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔پی آئی اے نے اعداد و شمار وزارت خزانہ میں جمع کرادیئے ہیں، رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کے خسارے میں بجٹ کے مقابلے کے حساب سے 36 فیصد کمی ہوئی، جس کی وجہ سے سال 2019 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کا آپریٹنگ خسارہ جو پچھلے سال 21 ارب تھا کم ہوکر 5 ارب رہ گیا۔