اسلام آباد(آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی کے اہداف یکساں ہیں سب ناجائز حکومت سے نجات چاہتے ہیں مگر ان کا حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا طریقہ کار شاید الگ ہوسکتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے
حاٖفظ حمد اللہ نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں بشمول پیپلز پارٹی او رن لیگ حکومت سے نجات چاہتی ہیں اور وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ آج بھی کررہی ہیں یہ تمام جماعتیں چاہتی ہیں کہ وزیر اعظم کو گھر بھیجا جائے اور نئے انتخابات صاف اور شفاف طریقے سے ہوں جس میں اداروں کی مداخلت نہ ہو۔ یہ الگ بات ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا حکومت سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ کار الگ ہے مگر ہم سب کے اہداف ایک جیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خرچے پر دھرنا دیا اور اگر کسی کو شوق ہے کہ دھرنا کا وہ حساب کتاب لے یا کسی کے پیٹ میں درد ہے تو پھر بھی ہم حساب کتاب دینے کو تیار ہیں، ہم نے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی تھیں ان کو پتہ ہوگا کہ دھرنے پر کتنے اخراجات آئے اور خدا گواہ ہے کہ ہمارے دھرنے میں جتنے بھی لوگ آئے ہیں وہ اپنی مدد آپ کے تحت آئے اور اپنا خرچہ انہوں نے خود اٹھایا کسی نے فنڈنگ نہیں کی۔(شکیل)