راولپنڈی (این این آئی) راولپنڈی پولیس کو کریمنلز کی گرفتار کے حوالے سے بڑی کامیابی، بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر پورنو گرافی کے ذریعے پیسے کمانے والی”انٹرنیشنل ڈارک ویب“ کا سرغنہ سہیل ایاز عرف علی گرفتار، ملزم برطانیہ میں بچوں سے بدفعلی کے جرم میں گرفتار ہوا،عدالتی سزا کے بعد یو کے میں جیل کاٹی، برطانوی حکومت نے ملزم کو اسی جرم میں ڈی پورٹ کر دیا، اٹلی سے بھی ملزم بچوں سے زیادتی کے جرم میں عدالتی ٹرائل بھگتنے کے بعد ڈی پورٹ ہوا،
پاکستان واپسی پر ملزم اب تک 30 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے، سی پی او فیصل رانا کی کمانڈ میں کام کرنے والی راولپنڈی پولیس کو گزشتہ روزیہاں کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی ہوا، پولیس نے عالمی سطح کا سزا یافتہ ایسا کریمنل گرفتار کیا جو بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کے جرم میں برطانیہ اور اٹلی میں جیل کاٹنے کے بعد ڈی پورٹ ہو چکا ہے، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ روات میں قہوہ بیچنے والی محنت کش کے12/13سالہ بچے ”ح“ کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے ملزم سہیل ایاز عرف علی کو گرفتار کیا، ملزم سے ابتدائی تحقیقات کی گئیں تو ملزم ”انٹرنیشنل ڈارک ویب“ کا سرغنہ نکلا، جو برطانیہ اور اٹلی میں بچوں سے بدفعلی کی وارداتوں میں جیل کاٹ چکا ہے، برطانیہ میں ملزم کو عدالت کی طرف سے باقاعدہ سزا سنائی گئی جو اس نے کاٹی، بعدازاں ملزم اٹلی میں بھی بدفعلی کرنے کے جرم میں گرفتار ہوا، اس کا وہاں پر بھی ٹرائل ہوا، ملزم ایاز سہیل عرف علی کو برطانیہ اور اٹلی سے ڈی پورٹ کر دیا گیا، ایس پی نے بتایا کہ ملزم بدفعلی کے مکرہ دھندے کے دوران لائیو ویڈیو چلاتا، برہنہ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرکے پورنو گرافی کے ذریعے ”انٹرنیشنل ڈارک ویپ“ سے پیسے کماتا، ملزم جب پاکستان سے برطانیہ گیا تو اس نے بچوں کے تحفظ کے لئے قائم برطانوی ادارے میں ملازمت کی اور وہیں پراس نے بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر اس کی ویڈیوز سے ”انٹرنیشنل ڈارک ویب“ سے پیسے کمانے کا کاروبار شروع کیا، ملزم کو جب برطانیہ سے جیل بھگتنے اور اٹلی میں ٹرائل بھگتنے کے بعد دونوں ملکوں کی حکومتوں نے بچوں سے بدفعلی کے جرم میں ”ڈی پورٹ“ کیا تو اس نے پاکستان واپس آ کر بھی اپنا مکروہ دھندہ جاری رکھا، ملز م کے بقول وہ پاکستان میں اب تک 30 کے قریب بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر ان کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر بنانے کا اعتراف کر چکا ہے، روات میں اس نے جس بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا کر اس کی ویڈیو بنائی اس کی محنت کش والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں ”انٹرنیشنل ڈارک ویب“ کے اس سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا، سی پی او فیصل رانا نے بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر پورنو گرافی کے ذریعے پیسے کمانے کے حوالے سے عالمی سطح پر بدنام ”ڈارک ویب“ کی گرفتاری پر ایس پی صدر رائے مظہر اقبال کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے اتنے بڑے ملزم کی گرفتاری راولپنڈی پولیس کا ایسا کارنامہ ہے جسے عالمی سطح پر مانا جائے گا، سی پی او نے کہا کہ انسانیت کے لئے ناسور جیسے اس ملزم سے بچوں کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر بر آمد کرنے کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارے سے بھی معاونت لی جائے، سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی اور اس کے گردونواح میں ملزم کی سفاکیت کا شکار بچوں کے والدین اگر سماجی اور معاشرتی دباؤ کی وجہ سے مقدمات کے مدعی نہیں بنتے تو انہیں اعتماد میں لے کر پولیس ایک ایک وقوعہ کی ایف آئی آر اپنی مدعیت میں کاٹے گی، سی پی او نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن اس سارے عمل کی نگرانی کریں گے جبکہ میں خود روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے اپ ڈیٹ لوں گا، سی پی او نے کہا کہ ملزم سے اس کے زیر استعمال موبائل فونز،لیپ ٹاپ اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کا وہ تمام سامان استعمال کیا جائے جو ملزم بچوں سے بدفعلی کرنے اس کی ویڈیو بنانے اور اسے انٹر نیٹ پر ڈالنے کے لئے استعمال کرتا تھا، بچوں کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں نے ”انٹرنیشل ڈارک ویب“ کے سرغنہ کی گرفتاری پر سی پی او فیصل رانا کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سی پی او فیصل رانا نے بچوں کے تحفظ کا جو وعدہ کیا تھا اس پر راولپنڈی پولیس کے عملی اقدامات سامنے آ رہے ہیں،راولپنڈی کے بچوں کے والدین سی پی او کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سماجی تنظیموں نے کہا کہ سی پی او فیصل رانا نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی سطح کی پولیسنگ کرنے کی خداداد صلاحیت رکھتے ہیں۔