اسلام آباد (آ ن لائن) فرانس کے سفیر مارک باریٹی نے کہا ہے کہ ہمارا ملک 11 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورے کا منتظر ہے جہاں ان کو ورلڈپیس فورم میں شرکت کی دعوت دی جا چکی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون تسلی بخش نہیں۔ اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو دلیرانہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ فرانس کی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ دونوں ملک اس حوالے سے روڈ میپ تیار کر رہے ہیں۔ اگلے ماہ دستخط ہو جائیں گے۔ سفیر انگلش سپیکنگ یونین
کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام یونین کے صدر خالد ملک نے اپنی رہائش گاہ پر کیا تھا۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر اور یورپی یونین کی سفیر اندرولا اے کے منارا بھی موجود تھیں۔ یاد رہے کہ فرانس اور جرمنی یورپی یونین کے دو مرکزی ممالک شمار کئے جاتے ہیں۔ سفیر فرانس نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح اور مستقبل کے امکانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور سوالوں کے جواب بھی دئیے۔