اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں وزارت داخلہ کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن کیساتھ حکومت نے معاہدہ کر کے انہیں جمہوری حق دیا، اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی
تو قانون اپنا راستہ خود بنائیگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے اپوزیشن کے مطالبات کے حوالے سے بریفنگ دی۔مذاکراتی ٹیم سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومت نے معاہدہ کر کے انہیں جمہوری حق دیا تاہم اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے، اور اپوزیشن کے غیر جمہوری اور غیر آئینی مطالبات تسلیم نہیں کر سکتے۔ذرائع کا کہنا ہے عمران خان نے حکومتی کمیٹی کو رہبر کمیٹی سے بات چیت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے بعد آگاہ کیا جائے کہ اپوزیشن کون سا جمہوری حق مانگ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ آئین اور قانون کے مطابق اپوزیشن کے جائز مطالبات ماننے کیلئے تیار ہیں۔وزیراعظم نے اپوزیشن کی طرف سے استعفے کے مطالبے کو حماقت قرار دیتے ہوئے حکومتی کمیٹی کو ہدایت کی کہ اپوزیشن نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی تو مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔