لاہور( این این آئی )سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیماری پرچین کاردعمل بھی سامنے آگیا، اہم پیغام دے دیا، تفصیلات کے مطابق چین کے سفارت خانے کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ چین کے سفارتخانے کے وفد نے سروسز ہسپتال میں پھولوں کا گلدستہ پہنچایا۔ ہسپتال انتظامیہ اور پولیس حکام نے پھول وصول کیے اور
چینی سفارتخانے کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کا آٹھواں روز تھا۔ منگل کے روز بھی ہسپتال میں نواز شریف کی صوتحال تشویشناک بتائی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم کے علاج کے لئے آٹھویں روز بھی نواز شریف کا مکمل طبی معائنہ کیا۔ جس کے نتیجے میں نواز شریف کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 28 ہزار بتائی گئی ہے۔ جبکہ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ اس وقت نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اور دل کے عارضہ کا علاج کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی سابق وزیراعظم کے لئے ٹیسٹ لئے۔ جن کی رپورٹ سامنے آنے تک مزید علاج کا تعین کیا جاسکے گا۔ نواز شریف کی فزیوتھراپی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ پلیٹ لیٹس کے اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کے پیٹ کا سکین ٹیسٹ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے۔ وہ سروسز ہسپتال میں اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انکا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کے گردے صحیح کام نہیں کر رہے، بیماری کی وجہ سے ان کا وزن کم ہوگیا ہے۔