راولاکوٹ(این این آئی)جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے آزادکشمیر کے علاقے راولاکوٹ کی نیزہ پیر سیکٹر پر گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کی۔ ایس پی کہوٹہ کے مطابق بھارتی فائرنگ سے دو بچوں سمیت تین افراد شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے۔پولیس افسر کے مطابق بھارتی فوج کا فائر کردہ گولہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد شہید ہوئے جن کی
شناخت غلام محمد، 10 سالہ حیدر اور گیارہ سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے آمنہ بی بی، سفینہ بی بی اور نصیب جان زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔اْن کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پربسنے والوں کی قربانیاں غیرمعمولی ہیں، ہم تمام شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکی انتظامیہ کوالرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔