نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے ضلع چرخی دادری میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ بھارت پاکستان کی جانب بہنے والے دریاؤں کے پانی کا ایک ایک قطرہ استعمال کرنا چاہتا ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پانی بھارت کے کسان
استعمال کریں اور اس کے لیے کام شروع کیا جاچکا ہے۔بھارتی وزیراعظم نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 70 سالوں سے وہ دریا جن پر بھارت اور اس کے کسانوں کا حق ہے پاکستان کی جانب بہہ رہے ہیں لیکن اب مزید ایسا نہیں ہوگا۔نریندر مودی نے کہا کہ ان دریاؤں پر ہریانہ، راجستھان اور ملک کے دیگر علاقوں کا حق ہے اس لیے یہ پانی روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور میں یہ کرکے رہوں گا۔