کراچی(این این آئی)بلوچستان وہیلز لمیٹڈ نے گاڑیوں کے وہیل کے پیداواری یونٹ بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام ملازمین کو 14روز کے لئے چھٹی پر بھیج دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے آٹو موبائل (کار، بس، ٹریکٹر) انڈسٹری پر ٹیکس بڑھانے، ڈالر مہنگا ہونے کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے گاڑیوں کے وہیل کی 80فیصد فروخت کم ہو گئی ہے۔ بلوچستان وہیلز لمیٹڈ جو ماہانہ ایک لاکھ گاڑیوں کے وہیل فروخت کرتی تھی اب ماہانہ 20ہزارگاڑیوں کے وہیل فروخت کر رہی ہے۔ایڈمن منیجرعبدالصمد لاسی نے بتایاکہ فروخت نہ ہونے سے
کمپنی میں اسٹاک بہت زیادہ ہو گیا ہے جبکہ تمام گاڑیوں کے وہیل بنانے والی کمپنیاں ٹریکٹر، ہینو پاک، ٹیوٹا کرولااور سوزکی اپنے پیداواری یونٹ ہرماہ کچھ دنوں کے کیلئے بند کر رہے ہیں۔اس لئے بلوچستان وہیلز مزید گاڑیاں کے وہیل نہیں بنا کے رکھ سکتی۔کیونکہ مارکیٹ میں کھپت نہیں ہے اور گاڑیاں کے وہیل فروخت نہیں ہورہے ہیں۔اسٹینڈنگ آرڈر ایکٹ 2015ء کے تحت انتظامیہ نے مستقل ورکرز کو قانون کے مطابق 14دن کے لئے چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو 12اکتوبر سے 25اکتوبر تک ہو گی۔اور اس طرح کمپنی 28اکتوبر سے دوبارہ کام شروع کر دے گی۔