کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) کا اپنے بزنس پلان پر عملدر آمد جاری ہے، قومی ایئر لائن نے 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے دو مراحل میں 5 طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔پہلے مرحلے میں دو اے 320 طیارے رواں ماہ کے آخر اور نومبر میں لیے جائیں گے۔3 نیرو باڈی طیاروں کے لیے ٹینڈر نومبر میں جاری ہوگا۔ذرائع نے بتایاکہ نئے 323 نیرو باڈی طیارے کم ایندھن خرچ کریں گے۔ نئے طیاروں سے پی آئی اے اندرون و بیرون ملک
پروازوں میں اضافہ کرے گا۔پی آئی اے نے لاہور سے اسلام آباد ہر 3 گھنٹے کے بعد فلائٹ چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ پی آئی اے نے تکنیکی خود کفالت حاصل کرنے کے منصوبے کے تحت مختلف شہروں میں بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کی سہولت بھی شروع کر دی ہے۔پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے مطابق اسلام آباد میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہونے کے ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی اور لاہور میں میسر تھی اور چند روز قبل ہی اسلام آباد میں بھی اس کا آغاز کردیا گیا ہے۔