اسلام آباد /بلغراد (این این آئی) سینٹر رضا ربانی تین سال کیلئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر منتخب ہوگئے۔ ہندوستان کے امیدوار شسی تہور کے مقابل سینٹر رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی ایک سو اٹھاسی پارلیمان پر مشتمل انٹرپارلیمانی یونین کی ایک سو اکتیسویں جنرل اسمبلی کا اجلاس سربیا کے دارلحکومت بلغراد میں جاری ہے جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد شریک ہے۔
ایشیا پیسیفک گروپ کا اجلاس اتوار کو اسپیکر اسد قیصر کی صدارت ہوا۔ اجلاس ساوہ کانفرنس سنٹر بلغراد میں ہوا۔اجلاس میں ایشیا پیسیفک ممالک کی جانب سے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کے لیے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا۔اسپیکر اسد قیصر بین القوامی پارلیمانی تنظیم آئی پی یو کی ایشیا پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس اہم عہدے کے لیئے سینٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔پاکستان نے گروپ میں فوری خفیہ الیکشن کا مطالبہ کر دیا۔ خفیہ رائے دہی میں اپنی یقینی ہار کا اندازہ کرتے ہوئے ہندوستانی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کر کے شکست مان لی۔ہندوستانی وفد نے انتخابات موخر کروانے کی بھرپور کوشش کی۔ہندوستان کی اس چال کو چونتیس رکنی ایشیا پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن کی جانب سے پذیرائی نہ مل سکی۔آخری وقت میں ہندوستان کی لوک سبھا نے اجلاس کے دوران نامور مصنف اور کانگرس کے رکن لوک سبھا ششی ترور کو امیدوار نامزد کر دیا۔ سینٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیا پیسیفک گروپ نے سینٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کر لیا۔ہندوستانی امیدوار کے انتخاب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد سینٹر رضا ربانی بلا مقابلہ متفقہ امیدوار کے طور پر تین سال کے لیئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر منتخب قرار دے دیئے گئے۔سینٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے۔پارلیمانی سفارتکاری کے میدان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستان کی پارلیمنٹ کی شاندار فتح ہوئی ہے۔اس سے قبل شاندانہ گلزار بھی دولت مشترکہ خواتین کی چیئرپرسن منتخب ہوئی ہیں۔