پشاور(این این آئی) پاکستان میں افغان سفارتخانے نے پشاور کی افغان مارکیٹ میں نصب افغانستان کا پرچم اتارے جانے پر احتجاجاً پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی پولیس نے جمعرات کی شب دوبارہ افغان مارکیٹ پر چھاپہ مارا اور وہاں نصب کیے گئے افغان پرچم کو دوبارہ اْتار دیا گیا ہے۔جمعے کو افغان سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے
افغان سفارتی حکام اس عمل کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور یہ عمل سفارتی اْصولوں کے خلاف ہیں اس لیے احتجاجاً میں وہ پشاور میں افغان قونصل خانہ بند کیا جا رہا ہے۔پشاور کی افغان مارکیٹ پر افغان پرچم لہرانے کا تنازع رواں ہفتے شروع ہوا تھا اور بدھ کی شام افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل کی جانب سے متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر اب پشاور میں واقع افغان مارکیٹ پر لہرائے جانے والے افغان پرچم کو ہٹایا گیا تو احتجاجاً پشاور میں افغان قونصل خانہ بند کردیا جائے گا۔اس بیان میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا تھا کہ منگل کو پولیس اور پاکستانی حکام نے اس مارکیٹ کو غیر قانونی طور پر قبضہ مافیا کے حوالے کرنے کی کوشش کی، مارکیٹ کی دکانوں کو تالے لگوائے اور وہاں سے افغان جھنڈے کو اْتار لیا گیا۔افغان سفارت خانے کے بیان کے مطابق افغان سفیر نے پشاور جا کر میڈیا کو افغان حکومت کے موقف سے آگاہ کیا ہے اور مارکیٹ پر افغان پرچم دوبارہ لہرا دیا گیا تھا۔اس بیان میں افغان سفیر کے حوالے کہا گیا تھا کہ ’اس مسئلے کو افراد کے درمیان نہیں بلکہ دو ملکوں کے درمیان مسئلے کی نظر سے دیکھا جائے اور اگر پاکستانی حکام نے یہ قدم دوبارہ اْٹھایا تو پشاور میں قونصلیٹ کو احتجاجاً بند کر دیں گے۔پشاور کے علاقے فردوس میں جناح پارک کے ساتھ واقع افغان مارکیٹ پر کئی دہائیوں سے پشاور کے ایک شہری نے دعوی کیا ہوا ہے کہ یہ جگہ اْن کی ملکیت ہے۔ادھر افغان سفارتخانے کے حکام کے مطابق یہ مارکیٹ افغان حکومت نے تقسیم ہند سے پہلے خریدا تھا اور آج تک افغان نیشنل بینک کی ملکیت ہے۔