اسلام آباد(این این آئی)نیا پاکستان منصوبے کے تحت گھر کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2019 ہے۔پاکستان تحریک انصاف جولائی 2019 میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت متوسط اور غریب خاندانوں کو گھر فراہم کیے جائیں گے۔گھر کے حصول کیلئے درخواست فارم نادار کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں
جن کی فیس مبلغ250 روپے ہے۔خاندان کا صرف ایک فرد ہی گھر کیلئے درخواست جمع کرا سکتا ہے اور ایک شناختی کارڈ پر دو درخواستیں جمع نہیں ہوں گی۔نادرا کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی قرعہ اندازی میں صرف پہلے مرحلیاور حالیہ آن لائن رجسٹریشن کرانے والے درخواست گزاروں کو ہی شامل کیا جائے گا، اس مقصد کے لئے نئے فارم کا اجراء یا دوبارہ رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔ملک بھرکے 7500 ای سہولت مراکز پر آن لائن رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے،رجسٹریشن فیس نادرا ای سہولت، جازکیش اور ایزی پیسہ سے بھی جمع کرائی جا سکتی ہے۔دوسری جانب نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ لودھراں کے گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے قرعہ اندازی بروز ( ہفتہ ) کو ہوگی۔ وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ لودھراں کی سائیٹ چک 100ایم پر قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گے۔ میاں محمودالرشید نے اس ضمن میں بتایاکہ نیاپاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت یہ پہلی قرعہ اندازی ہے جس میں کامیاب درخواست دہندگان کو گھروں کی الاٹمنٹ کی جائے گی جبکہ اگلی قرعہ اندازی رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں آئندہ ہفتے ہوگی۔