کراچی(این این آئی)پاکستان میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر متوازن غذا کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد میں زہریلی دھاتوں کے پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔شہریوں میں بڑی تعداد میں زہریلی دھاتوں کے پائے جانے کا انکشاف اردو یونیورسٹی کے شعبہ کیمیاکی طالبہ ڈاکٹر حفصہ کی پی ایچ ڈی کے مقالے کی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔اس ضمن میں ڈاکٹر حفصہ نے بتایاکہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر کوثر یاسمین کی سربراہی میں تحقیق کے مطابق ملک میں موجود صحت مند افراد کے بالوں اور ناخن میں زہریلی دھات کیڈمیم کا تناسب کینسر میں مبتلا افراد کے تناسب سے زیادہ
پایا گیا۔تحقیق میں کیے گئے سروے میں مشترکہ طور پر خواتین اور مردوں کے ناخن اور بالوں کے نمونے حاصل کیے گئے جس کے کیمیائی تجزیے میں زہریلی دھات کیڈمیم کے وافر مقدار میں ہونے کا انکشاف ہوا، ماحولیاتی آلودگی سے انسانی جسم کے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے اعضا میں بال اور ناخن سرفہرست ہیں جس کے باعث ان میں کیڈمیم کی مقدار زیادہ پائی گئی ہے۔کیڈمیم ایک ایسی زہریلی دھات ہے جس کی مقدار انسانی جسم میں زیادہ ہونے سے انسان کے گردے ،پھپھڑے اور ہڈیاں تک متاثر ہوسکتیں ہیں،انسان کو موت کے قریب کردیتی ہیں، نمونے کینسر کے اسپتالوں سے لیے گئے۔