کراچی (این این آئی) عیدالاضحیٰ کے 6 روز گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں تاحال کچرے کے ڈھیر جگہ جگہ موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ آلائشیں تاحال سڑک کنارے موجود ہیں اور 6 دن گزرنے کے بعد بھی متعدد علاقوں میں صفائی نہیں ہوسکی ہے۔ لیاقت آباد دس نمبر، ڈاکخانہ اور سپر مارکیٹ میں سڑک پر کچرا اور
آلائشیوں کے ڈھیر ہیں جب کہ ڈالمیا، شانتی،گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ شہر میں کچرے، آلائشوں اور بارش کے پانی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں تعفن پھیلا ہوا ہے جس سے شہریوں کو سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ماہرین صحت نے شہر میں گندگی اور آلائشوں کے تعفن سے مختلف امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔