اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں ہوا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کے بعد ذو الحج کے چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے،
اس طرح یکم ذی الحج 1440ھ 3 اگست بروز ہفتہ کو ہو گی اور پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست 2019ء بروز پیر کو ہو گی۔ اجلاس میں ماہرین فلکیات،محکمہ موسمیات کے نمائندوں، نیوی افسران، علماء کرام بھی شریک تھے، واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز ذوالحج کے چاند نظر آنے کی پیشگوئی کردی تھی،محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ذوالحج کے چاندکی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاتھا کہ جمعہ کے روز ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحی12اگست کوہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند جمعہ کو8:12 پر پیدا ہونا شروع ہوجائیگا،7: 17منٹ پر سورج طلوع ہو جائیگا، غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا، چاند کی عمر35 گھنٹے 29 منٹ ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آ گیا تھا اس طرح حج مبارک 10 اگست کو پڑھا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں عیدالاضحی 11 اگست 2019ء کو ہو گی، دوسری جانب ریاست عمان میں بھی یکم ذوالحج 3 اگست کو ہو گی اور عید پاکستان کے ساتھ ہی 12 اگست کو منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں ہوا