واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابات سے قبل افغانستان سے امریکی افواج واپس بلانے کا فیصلہ کر لیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اکنامک کلب آف واشنگٹن میں امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ احکامات صدر امریکہ سے خود ملے ہے۔مائک پومپیؤ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور
فوجی انخلا کے لیے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک کی افواج افغانستان میں موجود ہیں اور ہمیں امید ہے کہ خطے میں بیرونی افواج کی ضرورت کم ہو گئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران بھی افغانستان سے امریکی فوجوں کو واپس بلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آتے ہی انہوں نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔واضح رہے کہ اس وقت افغانستان میں انیس ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔