اسلام آباد (این این آئی)سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ اپوزیشن اجلاس منسوخ کروانے کے لئے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے ارکان کے حج پر جانے کا بہانہ بنا سکتی ہے،اپوزیشن والے کہہ سکتے ہیں کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان حج پر جار ہے ہیں اس لئے اجلاس کچھ دنوں کے لئے موخر کردیا جائے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی کہ اجلاس منسوخ ہوجائے۔ایک سوال کے جواب میں قائد ایوان سینیٹ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان
کے این آر او سے متعلق بیان پر دکھ ہوا کیونکہ ہم مولانا فضل الرحمان کے پاس ووٹ مانگنے نہیں گئے تھے۔شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ میں ارکان سینیٹ کی اکثریت انکے ساتھ اور حکومت چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے تیار ہے۔قبل ازیں سینیٹ میں حکومتی سینیٹرز کا غیررسمی مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جسکی کی قیادت قائدایوان شبلی فراز نے کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف وہپ سینیٹر سجاد حسین طوری،سینیٹراورنگزیب اوراحمد خان سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں مفاہمتی عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔