سکھر(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف اثاثہ جات چھپانے سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیاہے، عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین سے دستاویزی ثبوت طلب کرلیئے ہیں۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ کے سینئر جسٹس منظور عبدالمالک گدی نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں فریقین کو ایک ہفتے کے اندردستاویزات جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما طاہر شاہ نے خورشید شاہ کی الیکشن 2018میں کامیابی کے خلاف درخواست
دائر کر رکھی ہے۔درخواست گزار نے خورشید شاہ پر الزام عائد کیا ہے کہ سید خورشید شاہ نے شاہ فوڈ انڈسٹری اپنے نامزدگی فارم میں ظاہر نہیں کی،انہوں نے 2011 میں یہ انڈسٹری خرید کی اور 2017 میں مالکانہ حقوق حاصل کیے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2018 کے الیکشن میں خورشید شاہ نے شاہ فوڈ انڈسٹری اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی، جان بوجھ کر اثاثے چھپانے کے جرم میں خورشید شاہ کی قومی اسمبلی کی رکنیت خارج کی جائے اور انہیں الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔